اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے بدھ کے روز ایک گفتگو میں کہا کہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراق کے ساتھ کھڑا ہے اور اس نے عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی حمایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کا موقف قابل تعریف ہے اور عرب ممالک بھی عراق کی پیروی کرتے ہوئے ایران کے ساتھ اپنے اختلافات کو کم اور تہران کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ممکنہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں کہا کہ یہ معاہدہ عراق کے مفاد میں ہو گا کیونکہ عراق کو امید ہے کہ کشیدگی کی وجوہات کا خاتمہ ہو گا اور حالات استحکام کی طرف آگے بڑھیں گے جس کےنتیجے میں ہم آہنگی اور یکجہتی کا ایک نیا باب کھلے گا۔ ابراہیم الجعفری نے عراقی فوج کی حالیہ کامیابیوں کا ذکرکرتے ہوئےکہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کامیابیاں داعش کے قبضے سے تمام مقبوضہ علاقوں کی آزادی کی نوید دے رہی ہیں اور جلد ہی عراق میں دہشت گردی کی بساط لپیٹ دی جائے گی۔
.......
/169